حامئ بے کساں شاہِ کون و مکاں رحمتِ دو جہاں اے میرے مصطفی
آپ کے ہی کرم سے ہے بگڑی بنی اور درکار ہے یہ کرم مصطفی

آپ شاہِ سخن اپ شاہِ جہاں شافع مذنبیں رحمۃ للعالمین
آپ مالک ہیں ارض و سماوات کے آپ کی بات باتِ خدا مصطفی

اے کریمِ جہاں ہادی انس و جاں آپ کے دم سے قائم میرے جسم و جاں
آپ کے دم سے ہے یہ بہارِ جہاں آپ کے دم سے ہیں رونقیں مصطفی

مضطرب ہے یہ دل مضطرب ہے یہ جاں آپ کے ہجر میں ہیں یہ محوِ فغاں
آپ کی اک نظر کا اشارہ جو ہو چین مل جائے بیکس کو یا مصطفی

باعثِ کُن حبیبِ خدا مصطفی باعثِ رنگ و نورِ جہاں مصطفی
گیسوئے عنبریں اب ہٹا دیجیئے اور چھٹ جائے یہ تِیرگی مصطفی

میں گنہگار ہوں میں سیاہ کار ہوں آپ سردار ہیں آپ مختار ہیں
میں ہوں بدکار اور نامرادِ جہاں آپ رحمت کا مخزن ہیں یا مصطفی

میں گناہوں کی گٹھڑی کو سر پہ رکھے آج پہنچی ہوں دربارِ خواجۂ دیں
آج سائم کی چشمِ حزیں میں حضور داغِ اشکِ ندامت ہیں یا مصطفی

صلی اللہ علیہ والہ وسلم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *